Current Affairs

Muflis Keh Jis Ghareeb Ki

Muflis Keh Jis Ghareeb Ki
Muflis Keh Jis Ghareeb Ki

مفلس کہ جس غریب کی دنیا نہیں درست

ایک باپ نے اپنے کمسن بچے کو ذبح کرکے اپنی بیوی کو زہر دے کر خودکشی کر لی (ایک خبر)

یہ خبرسن کرچند لمحوں کے لیے انسان سکتے میں آجائے! کیا یہ موت تھی، خودکشی یا پھرقتل؟ مجرم کون ہے؟ باپ، معاشرہ، نظام یاحکومت؟

کیاحرام کی موت مرنے والوں پر انااللہ پڑھنا چاہیے کہ نہیں! اِس بات کا فیصلہ ایک عالمِ دین پر چھوڑئیے اور یہ سوچئے کہ وہ کون سے عوامل تھے جن کی وجہ سے ایک شفیق باپ کو بھیڑئیے کا روپ دھارنا پڑا!

یقیناً بہت سی وجوہات ہونگی۔ کچھ ڈھکی ہوئیں کچھ ظاہر! کچھ افواہیں کچھ حقیقتیں! سچ صرف اللہ تبارک تعالیٰ کی ذات جانتی ہے! انسان صرف حقائق پر بات کرسکتا ہے اور یہی چندحقائق ہیں جو میں اپنے آرٹیکل میں لکھنے جا رہا ہوں۔

ہمارے ملک کا ایک بہت بڑاالمیہ ہے کہ آبادی زبردست تیزی سے بڑھتی جارہی ہے! وسائل اُسی رفتارسے کم ہوتے جارہے ہیں! قدرتی وسائل ابھی بھی موجود ہیں مگر استعمال نہیں کیے جارہے! جان بوجھ کر ملک میں ٹینشن پیدا کی جارہی ہے!دولت دولت کو کھینچتی ہے اور امیر امیرترہوتے جا رہے ہیں جبکہ غریب غریب تر! غربت بہت سے جرائم کو پیداکرتی ہے۔ہمارے ملک کا سب سے بنیادی مسئلہ غربت ہے۔

ایک شماریات کے مطابق پاکستان کی ۷۰ فیصد آبادی انتہائی غریب ہے! باقی تیس میں سے پچیس فیصد متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، جو بہت کچھ affordکرسکتے ہیں مگر پھربھی سوچ بچار کر! جبکہ ۵فیصدآبادی ایسی ہے جو واقعی امیر ہیں، جنہیں معلوم نہیں کہ پیسہ کہاں لگایا جائے!

یہی پانچ فیصد لوگ ہیں جنہوں نے نظام کو تباہ کیا ہوا ہے!حکومت کیا کرے؟ حکومتوں نے پہلے کبھی کچھ کیا ہے جو اب کرے گی؟

ستر فیصد کا معیارِزندگی درست کرنے کی نسبت ۵ فیصد کو مراعات دینا آسان ہے! ممبری، کونسلری، وزارتیں بھی انہیں پانچ فیصد نے حاصل کرنی ہیں، باقی عوام تو بھیڑبکریاں ہیں جو علم کی دولت سے بے بہرہ ہیں، انہیں جس طرف چاہیں ہانک لیں!    ہزارسال کے رونے کے بعد جب چمن میں ایک دیدہ ور پیدا ہوتا ہے جو اِس جاگیردارانہ نظام کو بدلنے کی کوشش کرے تو اُسے جی حضوریاں کرنے والے الفاظ کے تانے بانے میں بن کر یاتواُسے خاموش کردیتے ہیں یا پھر خاموش کرادیتے ہیں!

حکومتیں شاید بُری نہیں تھیں، جی حضوریاں کرنے والے آستین کا سانپ ثابت ہوئے ہیں!یہ ملک جن مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا تھا اُن میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا! اِس ملک پر روزِاوّل سے ہی جاگیرداروں نے قبضہ کرلیا ہے!سرمایہ داروں نے اپنی اپنی من مانیاں کی ہیں۔ ایک شماریات کے مطابق پاکستان کی ۲۰ فیصدآبادی پڑھی لکھی ہے۔سولہ کڑوڑ کی آبادی کے ملک میں بیس فیصدآٹے میں نمک کے برابر محسوس ہوتے ہیں۔

حالات بہت ابتر ہیں!

اِن پڑھے لکھوں میں بھی اکثر کو امریکہ ، برطانیہ،کینڈا اور یورپ ویزاسکیموں کے ذریعے اغواکرلیتے ہیں! جو رہ جاتے ہیں وہ دوسرے طریقوں سے باہربھاگنے کی فکر میں رہتے ہیں۔ باقی بچا کچھا جو دماغ ملک میں بچ جاتا ہے وہ اپنی اپنی زندگی کو دھکا لگانے کے لیے اپنے اپنے ضمیر، ذہن اور سوچوں کو گروی رکھ دیتے ہیں اوروہ بھی جی حضوری کا فن سیکھ جاتے ہیں اور ہاں میں ہاں ملانا شروع کردیتے ہیں!

ایسے میں ملک کی تعمیر کون کرے گا؟کون ہے جو اِس فرسودہ نظام کوبدلے گا؟

شاید کوئی نہیں!

حکومت اور بڑاطبقہ تویہ چاہے گا ہی نہیں، یوں محسوس ہوتا ہے گویا عوام بھی اِس نظام میں تبدیلی نہیں چاہتی۔کیونکہ عوام اَن پڑھ ہے اور اَن پڑھ اپنا حق لینا نہیں جانتا۔جب تک علم کی روشنی گھر گھر نہیں پھیلے گی، نظام میں تبدیلی نہیں آسکتی! اَن پڑھ بہت دانائی کی باتیں بھی کر لے مگر اُس کی قدر نہیں ہوتی کیو نکہ مفلس کے دماغ میں بہت سی دانائیوں کا گلا گھٹ جاتا ہے۔

انسان کی قدر علم سے ہے اور علم کی دولت سے! بات پھروہی آجاتی ہے،علم حاصل کرنے کیے لیے دولت کی ضرورت ہے۔حق تو یہ ہے کہ ایک مفلس بچارہ اسلام کے پانچ بنیادی اصولوں میں سے بھی کسی ایک پر بھی پورے طور پرعامل نہیں ہوسکتا۔غور کیجیے:

پہلا رکن نماز: نماز میں حضورِ قلب اور جمعیت خاطر ہونا لازمی ہے۔ مفلس کو یہ دونوں باتیں کہاں نصیب؟

دوسرارکن روزہ: روزہ کے لیے اچھی غذا ہونا ضروری ہے۔ ورنہ خشک غذا کھا کر چند روز کے بعد روزہ رکھنا تو درکنار، وہ اُٹھ سکنے کے قابل بھی نہ رہے۔ روزی نہیں تو روزہ کہاں؟

تیسرارکن حج: حج سے تو مفلس قطعاً محروم رہتا ہے۔آج کل حج بھی پیسہ کی نمائش بن گیا ہے۔
چوتھارکن زکوٰۃ: مفلس زکوٰۃ کہاں سے دے وہ تو بیچارہ خود مستحقِ زکوٰۃ ہے۔
پانچواں رکن جہاد:   جہاد میں شامل ہونے کے لیے بھی اہلِ وعیال کے لیے سال چھ مہینے کے گزارے کے لائق چھوڑکرجانا ضروری ہے، مفلس تو اِس سے بھی محروم رہتا ہے۔

ان پانچوں ارکان میں آخری تین تو مفلس کو میسر نہیں پہلے دو پر بھی برائے نام عمل کرسکتا ہے! جب غریب معاشرے میں اس قدر پسماندہ اور بے بس ہے تو بیچارہ خودکشی نہیں کرے گا؟ اپنے ہاتھوں سے اپنی اولاد کا گلا نہیں کاٹے گا؟ حق تو یہ ہے کہ اللہ کی رحمت سے ناامید مت ہو، مگر:

مفلس کہ جس غریب کی دنیا نہیں درست
مشکل کہ اُس کے ہاتھ سے ہو کارِدیں درست

Muflis Keh Jis Ghareeb Ki Muflis Keh Jis Ghareeb Ki Muflis Keh Jis Ghareeb Ki Muflis Keh Jis Ghareeb Ki Muflis Keh Jis Ghareeb Ki Muflis Keh Jis Ghareeb Ki

بقلم مسعود – 27 جنوری2005

Muflis Keh Jis Ghareeb Ki


Shab-o-roz

About the author

Masood

ایک پردیسی جو پردیس میں رہنے کے باوجود اپنے ملک سے بے پناہ محبت رکھتا ہے، اپنے ملک کی حالت پر سخت نالاں ہے۔ ایک پردیسی جس کا قلم مشکل ترین سچائی لکھنے سے باز نہیں آتا، پردیسی جسکا قلم اس وقت لکھتا ہے دل درد کی شدت سے خون گشتہ ہو جاتا ہے اور اسکے خونِ جگر کی روشنائی سے لکھے ہوئے الفاظ وہ تلخ سچائی پر مبنی ہوتے ہیں جو ہضم مشکل سے ہوتے ہیں۔۔۔ مگر یہ دیوانہ سچائی کا زہر الگنے سے باز نہیں آتا!

Add Comment

Click here to post a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Pegham Network

FREE
VIEW